منگل, نومبر 3, 2026
انتخابات

چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا طریقہ کار کیا ہے؟؟

Share

آئین کے آرٹیکل 218ء کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک چیف الیکشن کمشنر ہوتا ہے اور چار ممبران ہوتے ہیں۔پاکستان کے ہر صوبے سے الیکشن کمیشن کا ایک ممبر لگایا جاتا ہے۔یعنی چار صوبے،چار ممبران۔اس وقت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے چیف الیکشن کمشنر سکندرسلطان راجا ہیں۔

آئین کے آرٹیکل218 میں بتایا گیا ہے کہ”۔۔۔پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں،صوبائی اسمبلیوں اور ایسی عوامی عہدوں کے انتخابات جنہیں قانون کے ذریعے بیان کردیا گیا ہو،کیلئے ایک مستقل الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔الیکشن کمیشن ایک چیف الیکشن کمشنر اورچار ارکان پر مشتمل ہوگا،ہرصوبے میں سے الیکشن کمیشن کا ایک رکن ہوگا،جن میں سے ہرایک ایسا شخص ہوگا جو کسی ہائی کورٹ کا جج رہ چکا ہویاسینئرسرکاری ملازم رہ چکا ہویا ٹیکنوکریٹ ہو اور اس کی عمر پینسٹھ سال سے زائد نہ ہو،جن کا تقرر صدر آرٹیکل 213کی شقوں میں کمشنر کے تقرر کیلئے فراہم کئے گئے طریقہ کار کے مطابق کرے گا۔“

تعیناتی کاطریقہ کار

چیف الیکشن کمشنر اورالیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کا طریقہ کار آئین کے آرٹیکل 213میں فراہم کیا گیا ہے۔ آرٹیکل213 میں بتایا گیا ہے کہ’ایک چیف الیکشن کمشنرہوگا،جس کا تقررصدرکرے گا۔‘کسی بھی شخص کو چیف الیکشن کمشنر تعینات نہیں کیا جائے گا تاوقتیکہ وہ سپریم کورٹ کا جج رہا ہویا اعلیٰ سول افسر رہا ہو یاٹیکنوکریٹ ہونیز اسکی عمر68سال سے زیادہ نہ ہو۔‘

آرٹیکل213میں مزید بتایا گیا ہے کہ”چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن ممبران کی تعیناتی کیلئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کو تین نام بھیجنا ہوتے ہیں۔

پارلیمانی کمیٹی ان تین ناموں پر سماعت کا عمل کرتی ہے اور سماعت کے بعد کسی ایک کو چیف الیکشن کمیشنر تعینات کرنے کے عمل کی توثیق کرتی ہے تاہم اگر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر تین ناموں پر متفق نہ ہوں یعنی تین ناموں کی ایک مشترکہ فہرست پر متفق نہ ہوں تو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اپنے تین تین ناموں کی الگ الگ فہرست پارلیمانی کمیٹی کو بھیجتے ہیں۔پارلیمانی کمیٹی سماعت کے عمل کے بعد ان ناموں میں سے کسی ایک کی چیف الیکشن کمشنر کیلئے توثیق کرسکتی ہے۔“

الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کیلئے بھی یہی طریقہ کار اپنایا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو ہٹانے کا آئینی طریقہ کیا ہے؟

پارلیمانی کمیٹی کون تشکیل دیتا ہے؟

الیکشن کمیشن کے سربراہ اورچار ممبران کی تعیناتی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل اسپیکر قومی اسمبلی کرتا ہے۔اس پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا طریقہ کار بھی آئین کے آرٹیکل213میں بیان کیاگیا ہے۔ اس پارلیمانی کمیٹی میں آدھے ممبران کاتعلق حکومت جبکہ بقیہ نصف کا تعلق اپوزیشن سے ہوتا ہے۔چیف الیکشن کمیشن اور ممبران کی تعیناتی کی پارلیمانی کمیٹی کے ممبران کو حکومت اور اپوزیشن کے پارلیمانی لیڈر نامزد کرتے ہیں۔پارلیمانی کمیٹی میں ممبران کی کل تعداد 12ہونی چاہئے۔۔۔12میں سے8ممبرانِ قومی اسمبلی ہوتے ہیں جبکہ 4سینیٹرز ہوتے ہیں۔“

آئین کے آرٹیکل213 میں مزید بتایا گیا ہے کہ”جب قومی اسمبلی تحلیل ہواورچیف الیکشن کمشنر کے آفس میں کوئی آسامی وقوع پزیرہوتوپھر پارلیمانی کمیٹی کی تمام رکنیت صرف سینیٹ اراکین پر مشتمل ہوگی اور اس شق کے مذکورہ بالا احکامات کا اطلاق،مناسب تبدیلیوں کے ساتھ ہوگا۔“


Share

Kismat Khan

ریسرچر،کانٹینٹ پروڈیوسر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے