اتوار, نومبر 1, 2026
تازہ ترین

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری ریکارڈ حد تک گر گئی

Share

تحریر: قسمت خان زمری

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ برس کے مقابلے میں تین گنا سے زائد کمی ہوگئی ہے۔ اسٹیٹ بینک اۤف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے 11 ماہ(جولائی 2025 سے مئی 2026 تک) پاکستان میں ٹوٹل غیر ملکی سرمایہ کاری صرف 47 کروڑ 76 لاکھ ڈالر رہی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے( جولائی 2024 سے مئی 2025 کے 11 ماہ) کے دوران پاکستان میں 156 کروڑ ڈالر مالیت کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔۔۔یعنی رواں مالی سال میں جب ایک جانب پاکستان کی سفارتی کامیابیوں کے چرچے ہیں، تو دوسری جانب ملکی معیشت ہر محاذ پر ناکامی سے دوچار ہے۔۔۔اور اس کی گواہی سرکار کے اپنے اعدادوشمار سے ملتی ہے۔

کُل غیر ملکی سرمایہ کاری کیا ہوتی ہے؟

کسی بھی ملک میں ہونیوالی کل غیر ملکی سرمایہ کاری فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ(FDI) اور فارن پورٹ فولیو انوسٹمنٹ(FPI) کا مجموعہ ہوتی ہے۔۔۔ پاکستان میں رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران پاکستان میں "نیٹ فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ(FDI)” 1 ارب 62 کروڑ ڈالر رہی جبکہ نیٹ فارن پورٹ فولیو انوسٹمنٹ(FPI) مائنس 1.14 ارب ڈالر رہی۔۔۔۔اس حساب سے ملک میں ہونیوالی کل غیر ملکی سرمایہ کاری صرف 47 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ریکارڈ ہوئی۔

State Bank of Pakistan document regarding Total Foreign Investment in Pakistan Kismat Zimri

رواں مالی سال کے ان تازہ ترین اعدادوشمار کا موازنہ گزشتہ برس کے دوران ہونیوالی غیر ملکی سرمایہ کاری کے دونوں اجزا یعنی ایف ڈی اۤئی اور ایف پی اۤئی سے کریں تو گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ کے دوران ملک میں "نیٹ فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ(FDI)” 2.27 ارب ڈالر تھی جبکہ نیٹ فارن پورٹ فولیو انوسٹمنٹ(FPI) کی مالیت مائنس 70 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی۔۔۔اس حساب سے گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ کے دوران ملک میں "کل غیر ملکی سرمایہ کاری” کی مالیت 1.56 ارب ڈالر یعنی 156 کروڑ ڈالر تھی جو رواں مالی سال کے مقابلے میں تین گنا سے بھی زائد تھی

غیر ملکی سرمایہ کاری میں مسلسل گراوٹ!

سٹیٹ بینک اۤف پاکستان کے جاری شدہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ تین برس سے ٹوٹل فارن انوسٹمنٹ میں مسلسل گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ مثال کے طور پر مالی سال 2024 کے دوران ٹوٹل فارن انوسٹمنٹ کی مالیت 1 ارب 96 کروڑ ڈالر تھی جبکہ مالی سال 2025 میں کل غیر ملکی سرمایہ کاری کم ہو کر 1 ارب 75 کروڑ ڈالر رہ گئی۔۔۔۔اسی طرح موجودہ مالی سال 2026 کے 11 ماہ کے اعدادوشمار کے مطابق ٹوٹل غیر ملکی سرمایہ کاری صرف 47 کروڑ 76 لاکھ ڈالر رہ گئی ہے جو مالی سال 2024 کے مقابلے میں لگ بھگ 4 گنا کم ہے


Share

Kismat Khan

ریسرچر،کانٹینٹ پروڈیوسر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے