منگل, نومبر 3, 2026
پارلیمنٹ

سیلاب سے چھوٹے کسانوں کو529ارب سے زائد کے نقصانات ہوئے،سینٹ میں انکشاف

Share

سینٹ آف پاکستان میں انکشاف ہوا ہے کہ سال2022ء کے حالیہ سے سیلاب سے ملک بھر کے چھوٹے کسانوں کو 529ارب روپے سے زائد مالیت کے نقصانات ہوئے ہیں۔یہ انکشاف وزارتِ ’نیشنل فوڈ سیکیورٹی وریسرچ کی جانب سے سینٹ آف پاکستان میں پیش کردہ دستاویزات میں کیاگیا ہے۔

’وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی ا ور ریسرچ‘کی دستاویزات کے مطابق ’ملک کے تمام صوبوں کی جانب سے سیلاب سے کسانوں کو ہونیوالے ابتدائی نقصانات 529ارب10کروڑ روپے مالیت کے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کی مطابق پاکستان میں کاشت شدہ فصلوں کا40فیصد سیلاب کی نذرہوگیا ہے۔ سیلاب سے ملک بھر میں 50لاکھ 99ہزارایکڑرقبے پر کاشت شدہ فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

پاکستان کے تمام صوبوں اورآزادجموں و کشمیر میں سیلاب سے تباہ ہونیوالے رقبے اورفصلوں کی مالیت کی تفصیل کچھ یوں ہے:۔

پنجاب
صوبہ پنجاب میں سیلاب سے 653998ایکڑ فصل تباہ ہوئی ہے جو کہ پنجاب میں کل کاشت شدہ رقبے کا 15فیصد ہے۔ پنجاب میں تباہ شدہ ان فصلوں کی مالیت 82ارب روپے بنتی ہے۔

Province Wise Detail of Damage to Crops Due to Floods

سندھ
صوبہ سندھ میں سیلاب سے 3553263ایکڑرقبے پر کاشت فصل تباہ ہوئی ہے جو کہ صوبے میں کل کاشت شدہ رقبے کا 79فیصد ہے۔سندھ میں تباہ ہونیوالی فصلوں کی مالیت 395ارب روپے ہے۔

بلوچستان
بلوچستان میں سیلاب سے 750252ایکڑرقبے پرکاشت شدہ فصل تباہ ہوگئی ہے جو کہ صوبے میں کاشت شدہ رقبے کا 53فیصد ہے۔بلوچستان میں سیلاب سے تباہ ہونیوالی فصلوں کی مالیت 63ارب روپے بنتی ہے۔

خیبرپختونخواہ
خیبرپختونخواہ میں سیلاب سے121640 ایکڑرقبے پر کاشت شدہ فصل تباہ ہوچکی ہے جو کہ اس صوبے میں کاشت شدہ فصل کا 14فیصد ہے۔ خبیرپختونخواہ میں ان تباہ شدہ فصلوں کی مالیت 17ارب روپے بنتی ہے۔

آزاد جموں و کشمیر
آزادجموں و کشمیر میں سیلاب سے 19810ایکڑرقبے پر کاشت شدہ فصل تباہ ہوئی ہے جو کہ کل کاشت شدہ فصل کا 25فیصد ہے۔ آزادجموں و کشمیرمیں سیلاب سے تباہ ہونیوالی فصلوں کی مالیت1.1ارب روپے بنتی ہے۔

Crop Wise Losses Due to Floods

کونسی فصل کتنی تباہ ہوئی؟
سرکاری دستاویزات کے مطابق ملک میں سیلاب سے تباہ ہونیوالی فصلوں اور انکی تخمینہ شدہ لاگت کی تفصیل کچھ یوں ہے:۔
ملک بھر میں سیلاب سے کپاس کی 33فیصد فصل تباہ ہوگئی ہے،جس کی مالیت 239ارب41کروڑ روپے بنتی ہے
ملک بھر میں سیلاب سے چاول کی کاشت شدہ19فیصد فصل تباہ ہوچکی ہے جس کی مالیت 73ارب72کروڑ روپے بنتی ہے
سیلاب سے گنے کی کاشت شدہ 10فیصد فصل تباہ ہوئی ہے جسکی مالیت 24ارب روپے بنتی ہے۔
سیلاب سے پیاز کی70فیصد کاشت شدہ فصل تباہ ہوگئی ہے،جس کی مالیت 35ارب14کروڑ روپے بنتی ہے۔
سیلاب سے کاشت شدہ 59فیصد سبزیاں تباہ ہوئی ہیں جن کی مالیت 8ارب روپے بنتی ہے
ٹماٹر کی 85فیصد فصل تباہ ہوگئی ہے جسکی مالیت 14ارب روپے بنتی ہے
آلو کی 8فیصد کاشت شدہ فصل تباہ ہوئی ہے جس کی مالیت 33کروڑ روپے بنتی ہے۔
لہسن کی14فیصد فصل تباہ ہوگئی ہے جس کی مالیت ساڑھے34کروڑ روپے بنتی ہے

چھوٹے کسانوں کی تعداد
وزارتِ نیشنل فوڈ سیکیورٹی و ریسرچ کی دستاویزات میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک بھر کے نوے فیصد کسان ایسے ہیں جن کے پاس ساڑھے12ایکڑ سے کم زمین ہے اور انہیں چھوٹے کسانوں کی کیٹیگری میں ڈالا گیا ہے۔


Share

Kismat Khan

ریسرچر،کانٹینٹ پروڈیوسر

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے